اسلام آباد (16 جولائی 2025): ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے امریکی ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے رجسٹریش کا امریکی ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ایکسائز میں گاڑی رجسٹریشن پر نمبر پلیٹ ملکیتی بنیاد پر جاری کی جائے گی، جب کہ ٹرانسفرڈ گاڑی کو نیا نمبر جاری کیا جائے گا۔
گاڑی کو جاری ہونے والا رجسٹریشن نمبر مالک سے مستقل منسلک ہوگا۔ ملکیتی نمبر پلیٹ فیصلے کا اطلاق نوٹیفکیشن اجرا سے قبل اور بعد کے رجسٹریشن نمبرز پر ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مالک گاڑی کا نمبر ایک سال تک بلا استعمال اپنے پاس رکھ سکے گا۔ تاہم ایک سال تک استعمال نہ کرنے پر یہ رجسٹریشن نمبر منسوخ کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گاڑی فروخت کرنے والا رجسٹریشن نمبر واپس اسلام آباد ایکسائز کو جمع کرائے گا۔