محکمہ ریلوے میں نوکریوں کے اشتہار کی حقیقت سامنے آگئی

لاہور: محکمہ ریلوے میں نوکریوں سے متعلق اخبار میں شائع کروائے گئے اشتہار کی حقیقت ترجمان نے بیان کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان محکمہ ریلوے نے شائع کیا گیا اشتہار شیئر کرتے ہوئے اس کی وضاحت کی اور اسے جعلی قرار دے دیا۔

ترجمان نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے کسی اخبار میں بھرتیوں کا کوئی اشتہار نہیں دیا گیا، 19 جولائی کو معروف اردو اخبار میں چھپنے والا اشتہار ریلوے نے نہیں دیا۔

محکمہ ریلوے نے کہا کہ اشتہار کے ذریعے جعلساز سادہ لوح عوام سے مالی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کار فرما عوامل کے خلاف قانونی کارروائی کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق عوام اشتہار میں اعلان کردہ اکاوٴنٹ میں ہرگز پیسے جمع نہ کریں، ریلوے میں جب بھی بھرتیوں کا فیصلہ ہوا تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، اعلان قومی اخبارات اور ریلوے کی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا اکاوٴنٹس کے ذریعے ہوگا۔