اسلام آباد: پاک فوج نے افغان حکام سے افغانستان میں چھپے 76 دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ افغان حکام کو باور کروا دیا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری طور پر خود ایکشن لیں یا پاکستان کے حوالے کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو شر پسندی میں ملوث دہشت گردوں کے نام تھما دیے۔ پاکستان نے دو ٹوک مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کرو یا ہمارے حوالے کیے جائیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق افغان سفارتخانے کے حکام کو جی ایچ کیو طلب کرلیا گیا۔ حکام کو افغانستان میں چھپے 76 دہشت گردوں کی فہرست دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے یا پھر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
Afg Embassy officials called in GHQ. Given list of 76 Ts hiding in Afg. Asked to take immediate action / be handed over to Pakistan.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) February 17, 2017
اس سے قبل دہشت گردی کے واقعے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو ٹوک کہا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد منظم ہو کر ہمارے معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوری حساب لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر خوفناک خودکش دھماکے میں 75 افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق افراد میں 20 بچے، 9 خواتین، 45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔
اس سے قبل دفتر خارجہ نے افغانستان کے نائب سفیر کو بھی طلب کیا تھا۔ پاکستان نے 13 فروری کو لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے میں افغان سرزمین استعمال ہونے پر شدید احتجاج کیا تھا۔
یاد رہے لاہور کے مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 14 افراد شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔