افغان ای ویزا اسیکنڈل، اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

اسلام آباد(18 جولائی 2025): افغان ای ویزا اسیکنڈل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، وزرات داخلہ نے اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا۔

زرائع کے مطابق افسران کا نام مبینہ طور پر اسیکنڈل میں ملوث ہونے پر لیا جارہا تھا، ڈپٹی سیکرٹری ویزا سیکشن شریں حنا اصغر کو عہدے سے فارغ کیا گیا ہے۔

شفقت علی چاچٹر نئے ڈپٹی سیکرٹری ویزہ تعینات کردیئے، جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے سیکشن عدنان ارشد اولک بھی عہدے سے فارغ کردیئے گئے، فلائیٹ لفٹیننٹ عاصم ایوب نئے جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے تعینات ہوئے ہیں۔

وزرات داخلہ نے نئی تقرریوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، ویزا اسیکنڈل میں چار ملزمان اب تک گرفتار ہوئے ہیں، رشوت مانگنے پر ایک سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی گرفتار ہیں۔

یاد رہے کہ افغان شہریوں کو غیر قانونی ای ویزا جاری کرنے کے معاملے میں کرپشن میں ملوث ایف آئی اے کے2 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان میں سب انسپیکٹر وسیم احمد اور کانسٹیبل عاقب محمود شامل تھے۔

 گرفتار اہلکار اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات تھے، ایف آئی اے اہلکاروں نے گرفتار ملزم زبیر سے دوران جسمانی ریمانڈ رشوت کا تقاضا کیا تھا، گرفتار اہلکاروں نے سہولت کاری فراہم کرنے کے عوض 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی، رقم کے عوض اہلکاروں نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کی یقین دہانی کرائی۔