رجسٹرڈ افغانیوں کا اکاؤنٹ کھولا جائے، اسٹیٹ بینک کی ہدایت

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے تمام بینک کے سربراہان کو افغان پناہ گزینوں کے اکاؤنٹ کھولنے کی ہدایت کردی۔

قومی بینک دولت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینک سربراہان کو خط جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ افغان پناہ گزین پروف آف رجسٹریشن کی بنیاد پر کسی بھی بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ کھولنےکے لیے پی او آر کو مصدق دستاویز سمجھاجائے کیونکہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹری اتھارٹی نادرا نے پی او آر رکھنے والے افغانیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کا سسٹیم 26فروری سے آن لائن کردیا۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ افغانیوں کی بائیومیٹرک تصدیق شناختی کارڈ کی طرح آن لائن چیک ہوسکتی ہے لہذا پی او آر کی تصدیق کے بعد بینک اکاؤنٹ کھولا جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے پاکستان میں رجسٹرڈافغان مہاجرین کوبینک اکاؤنٹس کھولنےکی اجازت دےدی

یاد رہے کہ 25 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے  پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بینک اکاؤنٹس کھولنےکی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب افغان مہاجرین بھی ملکی معیشت میں اپناکرداراداکرسکیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت ہوگی اس ضمن میں متعلقہ محکمے کو ہدایت جاری کردی گئی۔

یاد رہے رواں سال جنوری میں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رہنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم نے حکام کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و عوامی سطح پر رابطے مزید بڑھیں گے۔

خیال رہے ستمبر 2018 میں زیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہاجرین کے بچوں کی جس ملک میں پیدائش ہوتی ہے وہاں کی شہریت ملتی ہے، مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں پرتوجہ دینا ہوگی، افغان مہاجرین یا بنگالی مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ جومہاجرین یہاں آباد ہو گئے ہیں ان کے لیے قانون بنانا ہوگا، ایسے مہاجرین جن کی یہاں شادیاں ہوچکی ہیں اس کو دیکھنا ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا ان کی حکومت افغان اور بنگلہ دیشی مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر غور کر رہی ہے۔