افغانستان نے سری لنکا کیخلاف باقاعدہ حساب کتاب کے ذریعے ہدف حاصل کیا!

افغانستان نے کس طرح سری لنکا کے خلاف حساب کتاب لگاتے ہوئے ہدف کا تعاقب کیا، جوناتھن ٹروٹ کے وائٹ بورڈ نے یہ بات آشکار کردی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے افغان ٹیم کے کوچ نے پوری طرح سے حساب کتاب لگایا ہوا تھا۔ افغان ٹیم نے باقاعدہ حکمت عملی کو اپناتے ہوئے 242 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

افغانستان کی بیٹنگ کے دوران 19 ویں اوور جب کیمرہ افغانستان کے ڈگ آؤٹ پر مرکوز ہوا تو ناظرین نے دیکھا کہ ایک وائٹ بورڈ پر ہدف کے تعاقب کے حوالے سے افغان کوچ حکمت بنائے بیٹھے ہیں۔

وائٹ بورڈ پر جو اعداد و شمار لکھے نظر آرہے تھے اس کے مطابق افغانستان کو پہلے 10 اوورز میں 50 رنز، 20 اوورز میں 100 رنز، 30 اوورز میں 150 رنز اور 40 اوورز میں 200 رنز بنانے کی ضرورت تھی جب کہ 242 رنز کا ہدف اسے 48 ویں اوور تک حاصل کرنا تھا۔

دس، دس اوورز میں یہ اہداف اس لیے طے کیے گئے تھے کہ ٹیم کی بیٹنگ کے دوران ایک جامع حکمت عملی کو اپناتے ہوئے ہدف کا تعاقب کیا جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے یہ ابتدائی مثبت آغاز کے بعد افغانستان نے 10ویں اوور کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنا لیے تھے، تاہم 20 ویں اوور میں ٹیم کا اسکور 87 رنز اور اس کی2 وکٹیں گر چکی تھیں یعنی ٹیم طے کیے گئے ہدف سے 13 رنز کی دور پر تھی۔

تاہم چیلنجز کے باوجود افغانستان کی ٹیم نے ایک بار پھر پُراعتماد انداز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 242 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آئی سی سی ایونٹ میں یہ افغانستان کی تیسری فتح ہے۔