افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں خوفناک حادثہ رونما ہوا، جس کے نتیجے میں 17 بچوں سے 71 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد آگ کی نذر ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان احمد اللہ متقی نے ’ایکس‘ پر اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حالیہ وقت کا سب سے جان لیوا سڑک حادثہ بتایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ”ہرات میں بس کے ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد 71 لوگوں کی جان گئی۔“
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس کو آگ نے پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
د اطفايې مسؤلين په ډير ليږ وخت کي د حادثی ځای ته ورسيدل خو متاسفانه په ژغورلو ونه توانيدل pic.twitter.com/cj3RhQc25H
— Ahmadullah Muttaqi | احمدالله متقي (@Ahmadmuttaqi01) August 19, 2025
صوبائی افسر محمد یوسف سعیدی کا کہنا ہے کہ بس میں ایران سے جلاوطن کیے گئے افغان شہری سوار تھے، جو اسلام کلا بارڈر پار کرکے کابل کی طرف جا رہے تھے۔ سعیدی نے بتایا کہ بس میں سوار سبھی مسافر تارکین وطن تھے جنہوں نے اسلام کلا سے سفر شروع کیا تھا۔
ترجمان احمد اللہ متقی نے بتایا کہ حادثہ ہرات شہر کے باہر گزارہ ضلع میں بس کی انتہائی تیز رفتار اور لاپروائی کی وجہ سے ہوا۔ بس پہلے موٹر سائیکل سے ٹکرائی اور پھر ایندھن سے بھرے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آگئی۔
پولیس کے مطابق بس میں سوار لوگوں میں صرف 3 کی جان بچ سکی ہے جبکہ ٹرک اور موٹرسائیکل پر سوار 4 لوگ بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔
نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ پر قاتلانہ حملہ
بی بی سی کے مطابق افغانستان میں سڑک حادثے عام بات ہیں۔ اس کی اہم وجہ دہائیوں سے جاری لڑائی کے بعد خراب سڑکیں، ہائی وے پر خطرناک ڈرائیونگ اور ضابطوں پر سختی سے عمل نہیں کرنا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں سینٹرل افغانستان میں ایندھن اور ٹینکر اور ٹرک سے جڑے دو حادثوں میں کم سے کم 52 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔