افغانستان میں لڑکوں کے لیے جامعات کھل گئی ہیں جب کہ طالبات تاحال اجازت کی منتظر ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں موسمِ سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد یونیورسٹی کھل گئی ہیں اور تدریس کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
کابل سمیت ملک بھر کی جامعات میں صرف مرد طلبہ کو آنے کی اجازت ہے جب کہ طالبات کے لیے تاحال جامعات کے دروازے بند ہیں۔
چھٹیوں کے بعد پیر کے روز جامعات کھلنے پر مرد طلبہ کی بڑی تعداد نے درس گاہوں کا رُخ کیا اور تدریسی عمل معمول کے مطابق شروع ہو گیا۔
خواتین نے پابندی کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے صنفی امتیاز قرار دیا ہے۔ طالبات نے ملک بھر کی یونیورسٹیز میں داخلے کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے۔
کئی طالبان حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کی تعلیم پر پابندی عارضی ہے لیکن وعدوں کے باوجود وہ لڑکیوں کے لیے سیکنڈری اسکول دوبارہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں جو ایک سال سے زائد عرصے سے بند ہیں۔