بین اسٹوکس کے بعد ایک اور مشہور کرکٹر آئی پی ایل سے نکل گئے

دنیا کے نامور آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے بعد اب انگلینڈ کے چوٹی کے بیٹر جو روٹ نے بھی انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے ایڈیشن کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

راجستھان رائلزکی جانب سے اس بات کا اعلان اپنے آفیشل ایکس کاؤنٹ پر کیا، آئی پی ایل فرنچائز کا کہنا تھا کہ ہمیں آئندہ سال 2024 کے ایڈیشن میں انگلش بیٹر کا ساتھ دستیاب نہیں ہوگا۔ جو روٹ نے اس سیزن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے،

فرنچائز نے جو روٹ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈریسنگ روم میں آپ کی کمی محسوس کی جائے گی‘۔ راجستھان رائلز نے جو روٹ کو خریدنے کے لیے اسی سال تقریباً 121,000 امریکی ڈالرز ادا کیے تھے۔

انگلینڈ کے معروف بیٹر نے 19 دسمبر کو ہونے والی نیلامی سے قبل ہی فرنچائزز کو ڈیڈ لائن سے ایک دن پہلے اپنے آئی پی ایل نہ کھیلنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چنئی سپر کنگز کے پلیئر بین اسٹوکس نے گھٹنے کے آپریشن اور کرکٹ میں ورک لوڈ کو مینج کرنے کے لیے آئی پی ایل 2024 ایڈیشن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔

بین اسٹوکس کو آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز نے سب سے مہنگی بولی 16 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا، تاہم اب وہ اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔