شہری ہوشیار ہوجائیں !‌اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد

اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد

بٹگرام : اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد ہوا، فوڈ اتھارٹی نے دو افراد کو گرفتار کر لیا اور شبہ ظاہر کیا اسے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حالیہ دنوں ہونے والی بڑی کارروائی کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی غیر قانونی گدھے کے گوشت کا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام نے کوزہ بانڈہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ذبح شدہ گدھا برآمد کرلیا، جس نے نہ صرف مقامی افراد کو خوفزدہ کر دیا بلکہ ملک بھر میں صحت عامہ اور خوراک کے معیار پر شدید تحفظات کو جنم دیا ہے۔

کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کا تعلق مانسہرہ سے ہے، اور وہ لائسنس یافتہ قصائی نہیں تھے۔

حکام نے شبہ ظاہر کیا اسے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا تاہم واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔

پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ برآمد شدہ گوشت کہاں اور کس کو سپلائی کیا جانا تھا، اور اس جرم میں مزید کون کون شریک ہے۔

گرفتار افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 272 اور 273 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت جیسے سنگین جرائم سے متعلق ہیں۔

بٹگرام پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید گرفتاریوں کا عندیہ دیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جانچ جاری ہے کہ آیا گوشت انسانی کھپت کے لیے فروخت کیا جانا تھا یا نہیں۔

مزید پڑھیں : کیا اسلام آباد میں گدھے کا گوشت سپلائی کیا گیا؟ پولیس کا اہم بیان آگیا

اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر عوامی صحت، خوراک کی حفاظت اور غیر انسانی کاروباری رویوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ایک خفیہ فارم ہاؤس پر چھاپے کے دوران 1,000 کلوگرام گدھے کا گوشت اور 50 سے زائد زندہ گدھے برآمد کیے گئے تھے جبکہ اس کارروائی میں ایک غیر ملکی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا.