پٹرول بم کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی مہنگائی کا تیر چلا دیا، کرایوں میں بڑے اضافے کا اعلان

پاکستان میں گزشتہ شب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی کرایہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں گزشتہ شب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں اور اس کے نتیجے میں مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے اور غریبوں کا بجٹ درہم برہم ہونے کا قومی امکان ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی 10 فیصد کرایہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں ںے رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرانے کی شدید مذمت بھی کی ہے۔

اس سے قبل صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنسو ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ تنظیموں کا اجلاس بھی طلب کیا اور کہا کہ حکومت اپنے اقدامات سے ملک گیر ہڑتال پر مجبور کر رہی ہے۔

انہوں نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں مختلف قسم کے ٹیکس میں اضافے کو عوام اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل پر 11 روپے 37 پیسے اور پٹرول کی قیمت 5 روپے 36 پیسے اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ حکومت نے ایک دفعہ پھر ٹرانسپورٹرز اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا مار دیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے ٹول ٹیکس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ایف بی آر کے نئے قوانین کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے کیونکہ اس کی پالیسیاں عوام دشمن اور کاروبار دشمن ہیں۔ یہ ظالمانہ قوانین صرف ٹرانسپورٹرز کو ہی نہیں بلکہ ملک کی تمام انڈسٹری کو تباہ کر دیں گے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی تنظیمیں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں سمیت ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف حرکت میں آگئی ہیں۔ حکومت کے خلاف پورے پاکستان کی ٹرانسپورٹ تنظیموں کو ایک پیج پر لارہا ہوں اور ٹرانسپورٹ برادری سخت اقدامات بشمول ملک گیر ہڑتال کرنے کو تیار ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/petrol-price-hike-today-16-07-2025/