عمران خان سیاسی محاذ پر سرگرم : پنجاب کے بعد آج کے پی اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ ہو گا

لاہور : پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد آج کے پی اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ ہو گا، جس کے بعد عمران خان خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سیاسی محاذ پر سرگرم ہیں اور پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے لیے بھی تیار ہے۔

عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو آج لاہور طلب کرلیا ہے ، ملاقات میں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے ساتھ صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد آج کےپی اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ ہو گا اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔

عمران خان پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں عمران خان ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی حکمت عملی کی بھی منظوری دیں گے۔

گذشتہ روزشچیئرمین پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے استعفوں کی منظوری کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی سے رابطہ کیاجائے گا اور ایم این ایز اسپیکر کے سامنے پیش ہو کر استعفوں کی منظوری کا مطالبہ کریں گے۔