پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بعد ارجنٹائن کے لائنل میسی کا بھی سعودی لیگ سے معاہدے کا امکان ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی کا سعودی عرب کے کلب سے ریکارڈ سالانہ چار سو ملین ڈالرز کی ڈیل کا امکان ہے۔
فرنچ کلب پیریس سینٹ جرمین نے میسی کے معاہدے میں تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کلب اور میسی میں دوریاں بڑھ گئی ہیں، بغیر اجازت سعودی عرب پہنچنے پر پی ایس جی نے میسی کو دو ہفتوں کے لیے معطل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لائنل میسی سعودی عرب میں فیملی کے ساتھ چھٹیاں منا رہے ہیں، میسی کو سعودی عرب کا سیاحتی سفیر بھی نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ بن کر پہلے نمبر پر آگئے۔
امریکی جریدے فوربز نے 2023 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹس کی فہرست جاری کی تھی جس میں پہلا نمبر کرسٹیانو رونالڈو کا ہے۔
اسٹار فٹبالر پر سعودی کلب ’النصر‘ جوائن کرنے کے بعد سے ڈالرز کی بارش ہو رہی ہے۔ انہوں نے 2023 میں 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کما کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر فیفا ورلڈ کپ کے فاتح لیونل میسی ہیں جن کی کُل کمائی 13 کروڑ ڈالرز ہے۔ اس کے بعد فرانس کے نوجوان فٹبالر کیلان ایمباپے ہیں جنہوں نے 12 کروڑ ڈالرز کمائے ہیں۔
رونالڈو نے 2017 میں بھی دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ 2019 میں یہ اعزاز لیونل میسی کے نام رہا تھا۔