بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں میں شرمناک وائٹ واش کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے گرد شکنجہ کس لیا ہے۔
بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں بدترین ناکامی اور پہلی بار وائٹ واش کے بعد دنیائے کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور کھلاڑیوں پر تنقید کی جا رہی ہے۔ ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں پر شکنجہ کس لیا ہے اور آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑیوں کی شرکت کو مشروط کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیم کے گرتے معیار اور کھیل کے بعد اب فٹنس کو ہدف بنا لیا ہے اور کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کو فٹنس سے مشروط کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کا معیار بڑھا کر 60 فیصد کر دیا ہے۔
فٹنس ٹیسٹ میں بینچ پریس، اسکن فولڈ، بینچ پل اسکواٹ اور جمپ شامل ہیں۔ 8 منٹ میں 2 کلومیٹر کا ٹرائل دینا ہوگا اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ وکٹوں کے درمیان رننگ بہتر بنانے کے لیے 3 رنز کے لیے 10 سیکنڈز کا وقت مقرر کر دیا گیا ہے۔
بورڈ نے سینٹرل کانٹریکٹ کو بھی فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی سے نتھی کر دیا ہے اور پی سی بی نے کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ کی نئی پالیسی کے معیار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹنس دکھاؤ گے، تب ہی سینٹرل کانٹریکٹ ملے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل کانٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد بھی کم کیے جانے کا امکان ہے جب کہ پی سی بی کی فٹنس پر سخت پالیسی سے کھلاڑی پریشان ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان آئے گی جب کہ اس سے قبل فٹنس ٹیسٹ رواں ماہ 7 ستمبر سے لاہور میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
https://urdu.arynews.tv/icc-test-ranking-babar-azam-out-from-top-10/