نواز شریف اور آصف زرداری کی دبئی میں ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا سامنے آگیا

نواز زرداری

دبئی : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ، سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی آج دبئی میں ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا انتخابات ہیں،ن لیگ کی اکثریت انتخابات میں تاخیر اور پی پی بروقت انتخابات کی حامی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نمسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ، سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی آج دبئی میں ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا سامنے آگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تینوں رہنماؤں کی ملاقات کا ایجنڈاانتخابات ہیں، ن لیگ کی اکثریت انتخابات میں تاخیر اور پی پی بروقت انتخابات کی حامی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین اپنے مؤقف پر ایک دوسرے کو منانے کی کوشش کریں گے، نوازشریف نے لیگی رہنماؤں سے ملاقات میں انتخابات کو مستقبل سےمشروط کیا تھا، نواز شریف کا کہنا تھا انتخابات ہونے چاہئیں لیکن آگے راستہ بھی نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے چند رہنما پیپلزپارٹی کے موقف پر بروقت انتخابات چاہتے ہیں، تاہم اگرعام انتخابات کے انعقاد پر اتفاق ہوا تو اتحاد پر بھی بات ہوگی۔

خیال رہے دبئی پاکستانی سیاست کا مرکز بن گیا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان آج دبئی میں ملاقات طے ہے، ملاقات میں بلاول بھٹوزرداری اور مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔

نواز شریف سے ملاقات میں آصف زرداری میثاق معیشت معاہدہ کرنے پر بات کریں گے اور معاشی صورتحال اور آئندہ کےلائحہ عمل پر غور ہوگا ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف فیملی کے ہمراہ شاہی خاندان کی فراہم کردہ رہائش گاہ ا یمریٹس ہلزمیں قیام پذیر ہیں، گذشتہ روز نواز شریف نے رائل فیملی اوردبئی کی بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

نواز شریف دبئی میں چند دن قیام کے بعد ابوظبی اور سعودی عرب بھی جائیں گے، سعودی عرب میں ایک ہفتہ قیام کے بعد واپس دبئی آئیں گے جبکہ مریم نواز کے ہمراہ دبئی کی اہم شخصیات سے بھی ملیں گے۔