بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر احمد دانیال نے ڈیبیو کیا ہے۔
دوسرے ٹی 20 میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔
نوجوان فاسٹ بولر احمد دانیال نے ڈیبیو پر 4 اوورز میں 23 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
احمد دانیال کون ہیں؟
28 سالہ نوجوان فاسٹ بولر کا تعلق لاہور سے ہے اور 2021 میں انہوں نے شہرت حاصل کی جب وہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلے۔
احمد دانیال نے اپنی بولنگ سے سب کو متاثر کیا اور انہوں نے بی بی ایل 2022 میں میلبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کی۔
فاسٹ بولر ٹی 20 لیگز میں بھی نمایاں رہے لیکن بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم میں شامل نہ ہوسکے، دانیال پہلے ٹی 20 میں بینچ پر بیٹھے تھے لیکن اب دوسرے ٹی 20 میں انہوں نے ڈیبیو کیاہے۔
انہیں پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹی 20 کیپ پیش کی اور وہ مختصر فارمیٹ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے 123ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔