مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نارووال سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نے نارووال اسپورٹس اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران دور حکومت میں نارووال اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ جھوٹے مقدمے کے باعث یہ اسٹیڈیم آج بھوت بنگلہ بن چکا ہے۔
اقبال احسن نے کہا کہ میں عمران خان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ نارووال سے خود الیکشن لڑیں۔ یہاں کی عوام کے ہاتھوں ملنے والی عبرت ناک شکست کے بعد وہ سیاست بھول جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی دونوں حکومتوں کا سر خود قلم کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کونسل آف کامن انٹرسٹ میں عمران خان نے فیصلہ کیا تھا کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہوگا۔ نئی مردم شماری کے نتائج 30 اپریل 2023 کو شائع ہونگے۔ اس طرح آئینی اور مالی طور پر اکتوبر 2023 الیکشن کیلیے فطری مہینہ بنتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن چاہے 90 دن میں ہوں یا اکتوبر2023 میں، ہم تیار ہیں۔ پنجاب کے عوام پی ٹی آئی کو عبرت ناک شکست دیں گے اور اسے کراچی کی طرح پنجاب میں بھی بڑا سرپرائز ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کب وطن واپس آئیں گے؟ ن لیگی رہنما کا انکشاف
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف کے ساتھ عدالتی نا انصافی جلد عدالتی انصاف میں تبدیل ہوگی۔ مریم نواز بھی واپس آکر ملک میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔