نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے امریکی سینیٹرز کے پاؤں پکڑ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں، پتا نہیں ان کی اور کتنی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک جماعت بیرون ملک پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے، اب آنکھیں کھل جانی چاہییں بیرون فنڈنگ سے چلنے والی جماعت کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
متعلقہ: میں ڈونلڈ لو پر لگائے جانے والے الزامات سے متفق نہیں ہوں، امریکی سینیٹر کرس وان ہولن
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے دوست نہیں دشمن ہیں، سانحہ 9 مئی کو ایک جماعت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے دفتر کے سامنے پی ٹی آئی نے مظاہرہ کیا، یہ ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف معاہدوں سبوتاژ کر کے معاشی دہشتگردی کی مرتکب ہوئی ہے، معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنا ملک کے خلاف معاشی دہشتگردی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدا پاکستان کے ہیرو ہیں، جوان آفیسر جانیں ہتھیلی پر رکھ کر جام شہادت نوش کر رہے ہیں، ایک جماعت بیرون ملک پاکستانی فوج کیخلاف مہم چلا رہی ہے۔