اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پولیس تنہا کامیاب نہیں ہوسکتی اس کے لیے کمیونٹی کا ساتھ ضروری ہے، ایس ایچ او کو کمیونٹی لیڈر کے طور پر تربیت دینی ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے موبائل ایپ بنائی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک اندازے کے مطابق 2 یا 3 ماہ رہ گئے ہیں، کم وقت میں سخت مقابلہ کرتے ہوئے 6 سال کا کام کرنا ہے تاکہ پولیس کا محکمہ بہتر ہوسکے اور شہری بھی مطمئن رہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جدید سائنسی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس میں بھی آئی ٹی انقلاب لانا ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے، میں ذاتی طور پر اسلام آباد کی پولیس کو ملک کی بہترین پولیس کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس تنہا کامیابیاں حاصل نہیں کرسکتی اس کے لیے کمیونٹی کا ساتھ ہونا بھی بے حد ضروری ہے لہذا آئندہ آنے والے وقتوں کو ایس ایچ او کو کمیونٹی لیڈر کی تربیت دینے کا ارادہ کیا ہے۔