نارووال: وفاقی وزیراحسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو گئی ہے ، خان صاحب ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک2018 میں نااہل،ناتجربہ کار،ناکام لیڈر شپ کے حوالے کیاگیا، عمران خان نے 4 سال معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجائی ، غلط معاشی فیصلے کئے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کیساتھ ایک ایسا معاہدہ کیا جس نےپاکستان میں مہنگائی کا طوفان کھڑاکیا، آج وہ بارودی سرنگیں جوعمران خان کی ناکامی بچھا کرگئی ہے صاف کر رہے ہیں، اس معاشی بحران سے نکلنے کے لئے پاکستان کوامن اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کونسل آف کامن انٹرسٹ کےذریعے 2021میں فیصلہ کرچکےہیں ، آئندہ عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے ، نئی مردم شماری کے بنا نئے الیکشن کامطالبہ غیرآئینی ہے ، یہ معاملہ خود عمران خان طے کر کے گئے ہیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کو معلوم ہے فوری الیکشن نہیں ہو سکتے ، عمران خان صرف مایوس کارکنوں کی امیدیں زندہ رکھنےکیلئے مارچ کرا رہے ہیں، اس حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی چلے گی توالیکشن کے وقت تک تھک چکی ہو گی۔
عام انتخابات کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر اکتوبر 2023 کو ہوگا ، پاکستان کے سیاسی عمل میں کوئی رخنا ڈال سکتے ہیں تو ان کی بھول ہے ، عمران خان نے کیوں نہیں اب تک خیبر پختونخوا کی اسمبلی توڑی ، ان میں سنجیدگی ہوتی تو پچھلے سے پچھلےجمعہ کو اسمبلی توڑ چکےہوتے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم سے ناٹک کر رہے ہیں ، عمران خان آیڈیو ٹیپ پر نوجوانوں کے اخلاق خراب کرنے کی بات کر رہے ہیں، ان کی نفرت کی تربیت سےنوجوانوں کا اخلاق خراب ہو رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو گئی ہے ، عمران خان صاحب ریٹائرہرٹ کا اعلان کر دیں، ان کی اصلیت، ناتجربہ کاری سامنے آچکی اب کونسی نئی صبح کا پیغام دیتے ہیں ، پاکستان عمران خان سے بہت بڑاہے، اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ہاتھوں یرغمال بنے پاکستان کو آزاد کرایا، حکومت پاکستان کو معاشی سیاسی استحکام ، امن کے راستے پر آگے لے کر چلے گی، ہمارے اتحاد کی تمام جماعتیں ملکر پاکستان کو منزل مراد کی طرف لے کر جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی غیرآئینی مطالبہ یا غیر آئینی اقدام پاکستان کے بحرانوں کو مزید گہرا کرسکتا ہے ، عمران خان کبھی کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہئے ، کبھی وہ اسٹیبلشمنٹ کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سیاست میں مداخلت کرے، عمران خان صاحب کو خود نہیں پتا وہ کیا چاہتے ہیں۔