نارروال: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکا کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ قائد اعظم کے پاکستان کے لیے ہے، ٹرمپ نے جو پالیسی دی وہ ان کی ذاتی ہوگی۔
نارروال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آج بھی امریکا سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی کسی نے نہیں دیں، دہشت گردی کی کمر توڑ دی، وہ وقت دور نہیں جب مکمل امن ہوگا۔
وزیر داخلہ کا پاک چین دوستی کے حوالے سے کہنا ہے کہ پاک چین دوستی مستقبل میں مزید گہری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما فیصلے کے بعد اب تک ملک کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی ملک دشمن سیاست کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے، پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر ملک مخالف سازش میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی نے اب تک بیرون ملک فنڈنگ کیس کا جواب نہیں دیا، عمران خان اورشیخ رشید ن لیگ کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک ناکام بنانے کی خواہش رکھنے والے شکست کھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ملکی ترقی اور استحکام کی علامت ہیں۔ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر ملک مخالف سازش میں مصروف ہے۔