راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کل نیب کے سامنے پیش ہوں گے، لیگی رہنما اسپورٹس کمپلیکس سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کل صبح 11 بجے نیب کے دفتر میں پیش ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اپنا پاسپورٹ نیب راولپنڈی کے حوالے کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال اسپورٹس کمپلیکس کیس سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی۔
عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ مقدمہ ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ ہوتا ہے، شہری کا حق آزادی اور عزت نفس مجروع ہونے سے بچانا بھی ضروری ہے۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب نے احسن اقبال کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اگر احسن اقبال اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں تو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔عدالت نے احسن اقبال کی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔