ایک نظر میں ہونے والی محبت نہیں وقتی جذبہ ہوتا ہے، احسن خان

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ ایک نظر میں ہونے والی محبت نہیں وقتی جذبہ ہوتا ہے۔

اداکار احسن خان نے حال ہی میں نجی میگزین کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے محبت، والدین کی تربیت اور شادی کے بعد زندگی پر اظہار خیال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تعلقات کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ محبت وقت مانگتی ہے، ایک نظر میں ہوجانے والی محبت نہیں ہوتی، وہ وقتی جذبہ ہوتا ہے۔

ان کے مطابق ایک دوسرے کو جان کر ایک دوسرے کو اپنانا ہی محبت ہوتی ہے اور ایک ساتھ ہر حوالے سے بہتر ہونا ہی اصل محبت کہلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت سارے رشتے ٹوٹتے دیکھے اور ایسے رشتے محض ایک دوسرے سے زیادہ توقعات رکھنے سے ہی ٹوٹ رہے ہیں۔

احسن خان کے مطابق محبت میں ایک دوسرے سے حد سے توقعات رکھنا بھی رشتوں کو کمزور کرنے کا سبب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سارے لڑکے بھی لڑکیوں سے حد سے زیادہ توقعات رکھتے ہیں، وہ ہمیشہ خوابوں میں دیکھی جانے والی لڑکی چاہتے ہیں اور توقعات پوری نہ ہونے پر رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔

ان کہنا ہے کہ ان کے خیال میں مرد و خواتین کو محبت میں ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات کی وجہ سے بھی خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں جب کہ لڑکوں کی بلاوجہ لڑکیوں سے توقعات بھی رشتے ٹوٹنے کا ایک سبب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں آج کل کے والدین اپنے بیٹوں کی درست تربیت نہیں کرتے یا ان کی تربیت پر توجہ نہیں دی جاتی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے والدین نے بھی انہیں ہر چیز نہیں سکھائی، انہوں نے خود گزرتے وقت اور زندگی سے بہت کچھ سیکھا۔

احسن خان کے مطابق ہمارے سماج میں لڑکیوں کے لیے زیادہ مسائل ہوتے ہیں، شادی کے بعد لڑکی کو دوسرے گھر جانا ہوتا ہے،جہاں کا ماحول بالکل مختلف ہوتا ہے۔

احسن خان نے کہا کہ لڑکا صرف شادی کرکے لڑکی کو گھر لے آتا ہے، جہاں لڑکی تمام نئے افراد سے ملتی ہیں، اس لیے ان کے لیے مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔