‏’تنخواہ نہیں لیتا، وسیم خان جیسا قابل پاکستان میں کوئی نہیں‘‏

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ میں کوئی تنخواہ نہیں لیتا جتنے وسیم ‏خان قابل ہیں اتنا پورے پاکستان میں کوئی نہیں۔

یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پوچھے ‏گئے سوالات کے جواب میں کہی۔

آغا حسن بلوچ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کارکردگی تنخواہوں ‏سے متعلق پوچھا گیا تو چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ ان کیمرہ پوچھا جائے تنخواہیں کتنی لی ‏جارہی ہیں۔

جس پر رکن کمیٹی مہرین رزاق نے کہا کہ ان کیمرہ وہ ہوتی ہیں جوملکی سلامتی سے متعلق ہوں، ‏تنخواہیں کب سے ملکی سلامتی کا ایشو ہو گیا؟

ممبر کمیٹی روبینہ جمیل نے کہا کہ ہمیں بجٹ کا بتایا جائے اورکتنا پیسہ کدھر جاتا ہے؟ چیئرمین ‏پی سی بی نے جواب دیا کہ میں کوئی تنخواہ نہیں لیتا سب کچھ ویب سائٹ پرموجود ہے ہمارے ‏تمام اکاؤنٹس کا ڈیٹا موجود ہےوہ دیا جائے گا، ہمارے4 لیول کےآڈٹ ہوتے ہیں کچھ چھپ نہیں ‏سکتا۔

ممبر کمیٹی اقبال خان نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی سے متعلق پوچھا کہ وسیم خان کی قابلیت کیا ‏ہے؟ چیئرمین پی سی بی نے جواب دیا کہ جتنے وسیم خان قابل ہیں اتنا پورےپاکستان میں کوئی ‏نہیں۔

ممبر کمیٹی اقبال خان نے کہا کہ خدا کو مانیں اس نےکونسا اب تک کارنامہ کیا ہے، فواد عالم ‏سمیت باجوڑ کے کئی بہترین کرکٹر کو پوچھا تک نہیں جاتا، ایک ایم این اےکےکہنےپر کھلاڑی ‏رکھنے ہیں توکیامیرٹ ہے، لوگ سفارش پر رکھے جاتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے جواب دیا کہ نہیں ایسا کچھ نہیں،سب میرٹ پر ہوتا ہے۔