اے آئی چیٹ بوٹ کے مشورے پر بھروسہ کرنے والا اسپینش انفلوئنسر جوڑا پرواز سے محروم ہوگیا۔
اسپین کے مشہور ٹک ٹاکرز میری کالڈاس اور الیخاندرو سید نے دعویٰ کیا کہ انہیں پورٹو ریکو کی فلائٹ میں سوار ہونے سے روک دیا گیا کیونکہ انہوں نے ویزے سے متعلق معلومات ایک مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ سے حاصل کی تھیں جو غلط ثابت ہوئیں۔
کالڈاس کا کہنا تھا کہ میں نے چیٹ بوٹ سے پوچھا تو جواب ملا کہ پورٹو ریکو کے لیے کسی ویزے کی ضرورت نہیں، میں عام طور پر بہت تحقیق کرتی ہوں لیکن اس بار چیٹ بوٹ سے پوچھا اور اس نے کہا کوئی ضرورت نہیں۔
ٹک ٹاک پر 60 لاکھ سے زائد بار دیکھی جانے والی ویڈیو میں کالڈاس نے مزید کہا کہ شاید چیٹ بوٹ نے جان بوجھ کر غلط معلومات دیں کیونکہ وہ پہلے اسے بےکار جیسے الفاظ سے برا بھلا کہہ چکی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غیر مصدقہ ذرائع پر بھروسہ کرنے پر جوڑے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسروں نے چیٹ جی پی ٹی کے دفاع میں یہ دعویٰ کیا کہ اے آئی ٹول کا جواب غلط نہیں تھا اور اس کے بجائے جوڑے نے پورٹو ریکو میں داخل ہونے کے لیے ضروری دستاویزات کے بارے میں غلط سوال پوچھا تھا۔
ہسپانوی سیاحوں کو کیریبین جزیرے میں داخل ہونے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے، تاہم چھٹیاں منانے والوں کو الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ایسٹا) آن لائن پراسیس کرنا چاہیے۔