شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عینی جعفری کا کہنا ہے کہ ایسے لڑکے سے شادی کرنے آپ کا حق ہے جو اچھا ہو اور آپ کا خیال رکھے۔
اداکارہ عینی جعفری نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں نجی زندگی سے متعلق گفتگو کی ساتھ ہی خواتین کو شادی سے متعلق مشورے بھی دیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر منگیتر، شوہر یا لڑکا جس کو فیملی نے آپ سے ملوایا ہے اگر وہ آپ کو مارتا یا کسی بھی طرح اذیت دیتا ہے تو وہ نہیں بدلے گا، پہلے مارا ہے تو بعد میں زیادہ مارے گا اور اگر نہیں مارے گا تو اچھا ہے وہ بدل گیا ہے۔
عینی جعفری نے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے کہ ایسے لڑکے سے شادی کریں جو اچھا ہے، آپ اس کی والدہ نہ بنیں کہ میں اس کو ٹھیک کروں گی وہ ان کی والدہ کا کام تھا وہ آپ کا کام نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عینی جعفری فروری 2014 میں فارس رحمان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور ان کا ایک بیٹا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال طویل عرصے بعد شوبز انڈسٹری میں دوبارہ واپس آتے ہی اداکارہ عینی جعفری نے بولی وڈ فیچر فلم کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا۔
عینی جعفری نے اپنے کرئیر کا آغاز اشتہار سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈراما انڈسٹری میں قدم رکھا اور متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
انہیں ٹیلی ویژن اسکرین پر آخری بار 2022 کی ویب سیریز دیکھا گیا جہاں وہ صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان کے ساتھ نظر آئی تھیں۔