کینیڈین ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کا ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

ایئر کینیڈا فضائی میزبان ہڑتال

مونٹریال (18 اگست 2025): کینیڈین ایئر لائن کے فضائی میزبانوں نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اتوار کو ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں (فلائٹ اٹینڈنٹس) نے حکومتی حمایت یافتہ لیبر بورڈ کے ہڑتال ختم کرنے کا حکم ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

ایئر کینیڈا کے 10 ہزار سے زائد فضائی میزبان ہفتے کے روز سے ہڑتال پر ہیں، اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہڑتال کی وجہ سے ایئر کینیڈا نے پروازیں بحال ہونے کا اعلان پیر کی شام تک ملتوی کر دیا ہے۔

کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائی نے بیان میں کہا کہ ایئر کینیڈا کے 10,000 اٹینڈنٹ ہڑتال پر رہیں گے، یونین نے لیبر بورڈ کے ’بیک ٹو ورک آرڈر‘ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ایئر لائن کے فائدے اور تحفظ کے لیے بنایا گیا ہے، حالاں کہ اس کی بجائے ایئر لائن کو ایک منصفانہ معاہدے کے لیے مذاکرات کی میز پر لایا جانا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ فضائی میزبانوں کی یونین کا اس حکم کو ماننے سے انکار قانون کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے، کیوں کہ لیبر بورڈ کو یہ ذمہ داری کینیڈین آئین نے دی ہے اور اگر اس کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو یہ قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

روئٹرز کے مطابق کسی یونین کی جانب سے ’بیک ٹو ورک آرڈر‘ کی خلاف ورزی شاذ و نادر ہی سامنے آتی ہے، 1978 میں کینیڈا کے پوسٹل ورکرز نے بیک ٹو ورک قانون کی تعمیل کرنے سے انکار کیا تھا، جس کے نتیجے میں جرمانے کیے گئے اور ان کے یونین لیڈر کو پارلیمنٹ کی توہین کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔