پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب ریلیف آپریشن شروع

پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب ریلیف آپریشن شروع

راولپنڈی (20 اگست 2025): پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سخت موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سی 130 سے امدادی سامان پہنچایا گیا، 7 ٹن خشک راشن، اشیا خوردونوش اور ضروری دوائیاں نور خان بیس سے گلگت بلتستان پہنچائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، ترجمان پاک فوج

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امداد فراہمی کیلیے پاک فضائیہ نے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا، زمینی راستے منقطع ہونے پر پریشان حال خاندانوں تک سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنائی گئی۔

امدادی سامان این ڈی ایم اے کے تعاون سے تقسیم کیا جائے گا، پاک فضائیہ کی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

پاک فضائیہ کے طیارے اور زمینی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل رہیں گی، بروقت اور پرعزم کارروائی متاثرین کیلیے امید کی کرن ثابت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے آپریشن ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے۔