لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایئر پنجاب ایئر لائن اور تیز ترین بلٹ ٹرین کے حوالے سے شہریوں کو خوشخبری سنا دی۔
عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک سال کے اندر ایئر پنجاب کی سروس شروع کر دی جائے گی، ایئر لائن کیلیے 4 طیارے لیز پر لیے جائیں گے، سروس کم سے کم 8 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 1 سال میں شروع ہو جائے گی۔
بلٹ ٹرین کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ پاکستان ریلوے سے اشتراک کے بعد بلٹ ٹرین چلائی جائے گی، پنجاب کے مزید 6 روٹس کیلیے ہائی اسپیڈ ٹرین شروع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی ایئرلائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے: مریم نواز
انہوں نے کہا کہ 5 سال کے بعد جب حکومت رخصت ہوگی تو پنجاب سب صوبوں میں آگے ہوگا، پہلی صوبائی حکومت ہے جو اپنے صوبے میں ایئر پنجاب چلائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں ریلوے کے محکمے کو پوری طرح ری ویمپ کیا جائے گا، پنجاب میں ہائی اسپیڈ، بلٹ اور گلاس ٹرین چلائی جائیں گی۔
پہلگام حملے کے بعد بھارتی اقدامات پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج تک بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کی مذمت نہیں کی گئی، بھارت کی جانب سے جعفر ایکسپریس واقعے پر خوشی کی لہر تھی، پہلگام واقعے کی ذمہ داری ایک دہشتگرد گروپ نے قبول کی جس کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم بڑھا دیا، بھارتی فوج کا کشمیریوں کو مارنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں، بھارت کی یہ ایجنسیاں کہاں تھیں انہیں کچھ پتا ہی نہیں چلا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کر دی، بھارت نے کل حکومت پاکستان کا ایکس اکاؤنٹ بند کر دیا، ایف آئی آر میں بیرونی آقا سرحد پار کے لفظ استعمال کیے گئے ہیں۔