(27 اگست 2025): اسلام آباد اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پارکنگ فیس میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹ کی پارکنگ فیس میں اضافہ کردیا گیا، ابتدائی تین گھنٹوں کی پارکنگ فیس 100 روپے سے بڑھا کر 120 روپے کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قبل پارکنگ فیس 100 روپے تھی جبکے ابتدائی تین گھنٹوں کے بعد فی گھنٹہ 50 روپے چارج کیے جاتے تھے اب ابتدائی 3 گھنٹوں کے بعد فی گھنٹہ چارجز 70 روپے کردئیے گئے۔
بھاری فیس وصول کرنے کے باوجود پارکنگ کی جگہ پر نہ تو کوئی شیڈ میسر ہے اور نہ ہی گاڑی کے کسی نقصان کی ذمہ داری لی جاتی ہے، اضافی فیس پر سول ایوی ایشن حکام موقف دینے سے گریزاں ہیں اور چپ سادھ لی ہے۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے کراچی کے 25 ٹاؤنز میں شہری سڑکوں سے پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی حکومت نے پارکنگ فیس مکمل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہر کی تمام سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس لینے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی۔
پارکنگ فیس اب صرف پلازہ، پلاٹس یا مخصوص کونسلز کے مخصوص علاقوں میں لی جائے گی، تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو فیس ختم کرنے اور فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے، غیر قانونی طور پر شہریوں سے پارکنگ فیس لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔