اسلام آباد : آصف علی زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں کل نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا، وہ اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو نے آصف زرداری کو کل اسلام آباد اولڈ ہیڈ کوارٹرز طلب کر رکھا ہے، نیب نے سابق صدر کو کل11بجے کا طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری نے کل نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، سابق صدر آصف زرداری اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وکلاء سے مشاورت کے بعد پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کو تحریری جواب کرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طبیعت کی خرابی کے باعث آصف زرداری کل نیب میں پیش نہیں ہوسکتے۔
فاروق نائیک کے مطابق آصف زرداری طبیعت کی خرابی کے باعث طبی معائنے کیلئےکراچی روانہ ہو چکے ہیں ، وکیل نے نیب سے استدعا کی ہے کہ آصف زرداری کی پیشی کی نئی تاریخ کا نوٹس جاری کیا جائے۔
مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اورفریال تالپورکی پیشی، سماعت 21 مئی تک ملتوی
یاد رہے کہ نو مئی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اورفریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
عدالت نےکیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کردی، کیس میں آصف زرداری ،فریال تالپور سمیت تیس ملزمان نامزد ہیں۔