اسلام آباد: ماہر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ان کے ساتھی ڈٹ کر کھڑے ہیں نوے دن میں الیکشن ہونے ہی چائیں، قوم بھی چیف جسٹس کے ساتھ ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ نوے دن کے بعد نگراں حکومتوں کا کوئی جواز نہیں رہے گا، الیکشن کمیشن اور گورنر کے پی نے بڑی کوتاہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں تو مطلب اس صوبے میں کوئی حکومت نہیں، نگراں حکومت آئین کے مطابق نوے دن تک رہتی ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آرڈر آچکا ہے اب اس پر عمل ہوگا، موجودہ حکومت کی خواہش ہے کہ الیکشن کی تاریخ بڑھائی جائے جبکہ اسحاق ڈار کہتے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں، ان کے اثاثے بیرون ملک ہیں یہ لوگ ڈالرائزڈ ہیں جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ویلیو بھی بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے ہم بھی الیکشن چاہتے ہیں لیکن کرانے کے لیے تیار نہیں، پنجاب اور کے پی میں الیکشن نہ کرانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت زبردستی کررہی ہے پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ آئین پر عملدرآمد نہیں ہورہا اور سیکیورٹی دینے والے ہی الیکشن نہ کرانے کی کوشش میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 90 دن میں الیکشن آئین کا تقاضا ہے اب قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔