نوازشریف کو ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھائیں گے، اعتزاز احسن

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف کو اگر ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں میزبان کاشف عباسی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ میرا خیال ہے ، اگر نوازشریف کو ڈیل کا موقع ملا تو وہ فائدہ اٹھا لیں گے۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ماضی کےعلاوہ کوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’’عمران خان نےمحنت بہت کی ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے، لوگ سمجھتےتھےعمران خان وزیراعظم بن گئے اب انہیں کوئی پرواہ نہیں ہے‘‘۔

’’نوازشریف کےجیل کےتالےکی چابی مسلم لیگ ن کےپاس ہے، جج بلیک میلنگ اسکینڈل میں برطانیہ سےفرانزک ویڈیوکی کوئی قانونی حیثیت نہیں، ناصربٹ کے پاس ویڈیو اصل میں تالےکی چابی ہے، تالےکو چابی لندن سے نہیں بلکہ یہاں سے لگنا چاہیے تھی‘‘۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ’’پہلےدن سےکہہ رہاہوں ویڈیودرست ہےتونوازشریف کےتالےکی چابی ہے، مسلم لیگ ن کو تو بےچین ہونا چاہیے تھا لیکن وہ وقت مانگ رہےہیں، ویڈیو ٹیپ سےعبوری ریلیف بھی ملتاہےتوبہت اہم ہے، اگر میرے پاس ایسی کوئی چیز ہوتی تو عدالت جاکر فوری درخواست دیتا‘‘۔

پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ’’ویڈیو اگر عدالت میں جمع کرانے کے قابل نہیں تو اس کا مطلب ہوا سب کچھ جھوٹ پر مبنی تھا، ہائی کمیشن کی جانب سے تھرڈپارٹی کےموادکی تصدیق کی حیثیت نہیں ہے‘‘۔