وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا جب کہ انتخاب میں تاخیر پر وکلا نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے آزاد جموں کمشنر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب متوقع ہے اور نئے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل چار بار اجلاس منعقد ہوئے تاہم بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آزاد کمشیر میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے بھی نئے قائد ایوان کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب میں تاخیر کے خلاف وکلا نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
وکلا کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب میں مسلسل تاخیر کی جا رہی ہے جب کہ ڈی سیٹ ہونے کے بعد فوری طور پر نئے قائد ایوان کا انتخاب ضروری ہے۔
آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں پٹیشن ممبر سینٹرل بار کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخاب میں تاخیر سے آئین کے آرٹیکل 17 کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے لہذا عدالت عالیہ فوری انتخاب کا حکم جاری کرے۔
واضح رہے کہ آزاد کمشیر ہائیکورٹ کے فل کورٹ نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کی درخواست پر عہدے سے نا اہل قرار دیا تھا۔