’اجرک والی نمبر پلیٹ لگانے کا فیصلہ کسی صورت واپس نہیں لیں گے‘

سندھ کے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ نے کہا ہے کہ حکومت گاڑیوں پر اجرک والی نمبر پلیٹ لگانے کا فیصلہ کسی صورت واپس نہیں لے گی۔

سندھ کے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیوچرز نمبر پلیٹ (اجراک والی نمبر پلیٹ) تمام موٹر سائیکل اور گاڑی رکھنے والوں کو لگانا ہوں گی۔ سندھ حکومت یہ فیصلہ کسی صورت واپس نہیں لے گی۔

مکیش چاؤلہ کا کہنا تھا کہ اجرک ہماری سندھ کی ثقافت ہے، کسی کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے۔ نمبر پلیٹ میں مزار قائد اور سندھ حکومت کا لوگو بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیوچرز نمبر پلیٹ 2021 سے جاری کر رہے ہیں، لیکن کچھ لسانی لوگوں نے اجرک نمبر کا معاملہ اٹھایا اور فیوچرز نمبر پلیٹ کو اجرک کا رنگ دے کر لسانیت پھیلائی گئی۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ایم کیو ایم کے اراکین نے اجرک نمبر پلیٹ کو عوام کو لوٹنے کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کو مسترد کر دیا ہے۔

اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا نیا طریقہ ناقابلِ قبول ہے۔ حکومت سندھ نے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ذریعے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کر کے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا نیا طریقہ اپنایا ہے۔ حکومت سندھ اس لوٹ مار کو بند کرے، ورنہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

اجرک والی نئی نمبر پلیٹ آن لائن کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ کار سامنے آگیا

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 2022 میں صوبے میں گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹ کی روک تھام اور گاڑی کی ملکیت ڈیجیٹل طریقے سے چانچنے کے لیے صوبے میں جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجرا شروع کیا تھا۔

محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق نئی نمبر پلیٹس نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (این آر ٹی سی) کے تعاون سے بنائی گئی ہیں۔ نئی نمبر پلیٹس سے گاڑیوں کی ٹریکنگ اور ڈیٹا حاصل کرنا نہایت آسان ہوگا جب کہ یہ نمبر پلیٹس کیمرا ریڈ ایبل ہوں گی۔

سندھ میں گاڑیوں کی جدید فیچر والی نمبر پلیٹس کا اجرا

محکمہ ایکسائز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان نئی نمبر پلیٹس میں 5 سیکیورٹی فیچرز موجود ہوں گے جن میں آر آئی ایف ڈی یعنی ٹریکنگ چپ، لیزر سیریل نمبر، سندھ حکومت کا مونوگرام، لیزر انٹیگریٹڈ مارک اور ہر نمبر پلیٹ پر گرافکس شامل ہیں۔