اجرک والی نمبر پلیٹ کے حوالے سے فاروق ستار کا سندھ حکومت کو مشورہ

اجرک نمبر پلیٹ، فاروق ستار کا سندھ حکومت کو مشورہ

کراچی (20 جولائی 2025): رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) فاروق ستار نے اجرک والی نمبر پلیٹ کے حوالے سے سندھ حکومت کو مشورہ دے دیا۔

پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اجرک والی نمبر پلیٹ کی آڑ میں لوٹ مار کا نیا دھندا شروع کر دیا گیا ہے، صوبائی وزیروں کی گاڑیوں پر فینسی نمبر پلیٹ ہے۔

فاروق ستار نے صوبائی حکومت کو مشورہ دیا کہ نئی نمبر پلیٹ دینی ہے تو مفت میں دیں لوگ شوق سے لگائیں گے، پولیس والوں کو فری ہینڈ دیا گیا ہے چلان کریں جس سے کمیشن الگ ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اجرک والی جعلی نمبر پلیٹ لگوانے والے ہو جائیں خبردار

مخدوش عمارتوں کے حوالے سے رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ وزیر بلدیات پابند ہیں ہر 3 ماہ بعد مخدوش عمارتوں کی فہرست دیں، سیہون سے 40 ایکسپرٹس کو ایس بی سی اے بھیج دیا گیا، 6 افسران کو پکڑ کر بلی کر بکرا بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سونے کا انڈہ دینے والی مرغی کراچی کو تباہ کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی والوں کے لہجے دیکھیں گھمنڈ کی انتہا ہے، ساری ملازمتیں اندورن سندھ میں ملیں گی تو کراچی حیدر آباد والے کہاں جائیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ سسٹم صرف ایس بی سی اے میں نہیں ہائیڈرنٹ میں الگ سسٹم کام کر رہا ہے، حیدر آباد کو آفت زدہ قرار دے کر ایک سال کا ٹیکس معاف کیا جائے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی میں اگر کلاؤڈ برسٹ ہوگیا تو کیا حال ہوگا؟ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان بہت متاثر ہے۔