وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہے کہ ریکوڈک بل کے معاملے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں ریکوڈک بل پر گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی رویہ اپنایا جاتا ہے اور حقوق نہیں دیے جاتے، ریکوڈک کے معاملے میں بھی بلوچستان کو حقوق نہیں دیے جا رہے۔
اختر مینگل نے کہا: ’ریکوڈک معاملے میں بلوچستان کوئی بزنس پارٹر نہیں جو شیئر دیا جا رہا ہے۔ ریکوڈک کی زمین صوبے کی ملکیت ہے اس پر پہلا حق ہمارا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق بل پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا اور اس بل کو حکومت نے مشاورت کے بغیر ہی منظور کروا لیا۔‘
’بی این پی اور جے یو آئی (ف) نے مل کر سرمایہ کاری بل کی مخالفت کی ہے۔ جلد اجلاس کر اہم فیصلے کریں گے۔ حکومت ہمارے لیے اہمیت نہیں ہے پہلے بھی حکومت سے الگ ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن ووٹرز سے تعلق نہیں ٹوٹنا چاہیے، ہماری نظر میں غیر ملکی سرمایہ کاری بل اسٹیبلشمنٹ کی ہدایت پر آگے بڑھایا گیا۔