بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے میں انجری کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر اکشر پٹیل کی جگہ بھارت نے آف اسپنر واشنگٹن سندر کو ایشیا کپ فائنل کے لیے بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا غالب امکان ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں چوٹ لگنے کے باعث اکشر ایونٹ کے فائنل میں نہ کھیل پائیں۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف 266 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے آل راؤنڈر نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
تاہم 45 ویں اوور میں اسٹمپنگ سے بچنے کے دوران انھیں کلائی میں چوٹ لگ گئی تھی، اس کے بعد اگلے ہی اوور میں بنگلہ فیلڈر کی باؤنڈری سے پھینکی گئی تھرو بھی ان کی کلائی پر لگ گئی، جس کے بعد فزیو کو گراؤنڈ میں آکر انھیں فرسٹ ایڈ دینا پڑی تھی۔
بی سی سی آئی کی جانب سے بھارتی پلیئر کی انجری کے حوالے سے اب تک کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے، لیکن بھارت نے ایمرجنسی کے طور پر متبادل اسپنر کو طلب کرلیا ہے۔
آثار یہی نظر آتے ہیں کہایشیا کپ کے فائنل میں بھی وکٹ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی جس کی بنا پر بلیوشرٹس تین اسپنرز کلدیپ یادیو، رویندرا جڈیجا اور اکثر یا سندر میں سے کسی ایک کے ساتھ گراؤنڈ میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واشنگٹن سندر اب تک بھارت کے لیے 16 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں جس میں انھوں نے 27.19 کی اوسط سے 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اسپن آل راؤنڈر نے 29.13 کی اوسط سے 233 رنز بھی اپنے نام کے آگے درج کرائے ہیں۔ وہ آخری بار فروری 2022 میں بھارتی ٹیم کا حصہ بنے تھے۔