ممبئی: بالی وڈ میں ‘کھلاڑی‘ کے لقب سے مشہور سپُر اسٹار اکشے کمار نے باضابطہ طور پر کینیڈا کی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کر لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے مداحوں کو خوشخبری سنانے کیلیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے بھارتی شہریت حاصل کرنے کی دستاویزات شیئر کر دیں۔
بالی وڈ اسٹار نے بھارت کے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر شہریت ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’دل اور شہریت دونوں ہندوستانی۔‘
Dil aur citizenship, dono Hindustani.
Happy Independence Day!
Jai Hind! 🇮🇳 pic.twitter.com/DLH0DtbGxk— Akshay Kumar (@akshaykumar) August 15, 2023
اکشے کمار کو کینیڈا کی شہریت رکھنے پر کئی سالوں تک تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اداکار نے 24 فروری کو ایک انٹرویو میں اعلان کیا تھا کہ وہ کینیڈا کی شہریت چھوڑ دیں گے۔
انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے بُرا لگتا ہے جب لوگ بغیر کچھ جانے میری کینیڈین شہریت پر تنقید کرتے ہیں، میرے لیے انڈیا ہی سب کچھ ہے، میں نے دولت اور عزت یہیں سے کمائی۔
’1990ء میں میری 15 فلمیں فلاپ ہوئیں جس کے بعد میں کافی مایوس ہوگیا تھا۔ اُس وقت کینیڈا میں موجود میرے دوست نے کہا کہ یہاں آ کر کام کرو، اور یوں میں نے کینیڈا میں شہریت کیلیے درخواست دی۔‘
سُپر اسٹار نے بتایا تھا کہ ’اُسی دوران خوش قسمتی سے میری دو فلمیں کامیاب ہوگئیں۔ میرے دوست نے مشورہ دیا کہ اب انڈیا میں رہ کر ہی آگے بڑھو۔ مجھے مزید فلمیں ملنے لگیں لیکن کام کی وجہ سے مجھے یاد ہی نہیں رہا کہ میرے پاس کینیڈا کا پاسپورٹ بھی ہے۔‘