العزیزیہ اور ایون فیلڈریفرنس : نواز شریف آج عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے

اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں آج عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے، عدالت نے ان کی چوبیس اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حفاظتی ضمانت آج ختم ہورہی ہے،نواز شریف آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت ڈھائی بجےکے بعد ہوگی، چیف جسٹس عامرفاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیس کی سماعت کریں گے۔

نواز شریف کی پیشی کے موقع پر اسلام آبادہائیکورٹ اوراطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اہلکاروں کو احاطہ عدالت اور اطراف میں تعینات کردیا گیا ہے۔

عدالت نے آج تک نواز شریف کی حفاظتی ضمانت منظور کررکھی ہے، نیب نے نواز شریف کو حفاظتی ضمانت ملنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

یاد رہےاسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈریفرنس میں نواز شریف کو وطن واپسی پر ائیرپورٹ پر گرفتار کرنے سے روک دیا تھا اور چوبیس اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نوازشریف کو عدالت میں سرنڈرکرنے کا موقع دیا تھا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ،العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں سزاکےخلاف اپیلیں بحال کرنے کی متفرق درخواستوں پرسماعت بھی آج ہوگی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی سے متعلق سرکلر جاری کردیا گیا ہے ، کمرہ عدالت میں صرف ان افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جنہیں رجسٹرار سے انٹری کارڈ جاری ہوں گے۔