لاہور: استحکام پاکستان کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمگیر ترین کے گولی سر کے ایک طرف کان کے اوپری حصے پر لگی، گولی کنپٹی سے داخل ہوکر بائیں طرف سے نکل گئی۔
رپورٹ کے مطابق گولی لگنے سے دماغ کے تشوز بری طرح متاثر ہوئے، موت بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمگیر ترین کے جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں پائے گئے اور نہ ہی نشے کی زیادتی کے کوئی شواہد ملے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل ٹیم ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے سر پر گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے عالمگیر ترین لاہور کے علاقےگلبرگ میں واقع اپنےگھر میں تھے، وہاں سے اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی۔
پولیس حکام کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہے۔
عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کے دوستوں کے مطابق عالمگیر ترین کی عمر 63 سال تھی، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ٹوئٹرپر پوسٹ میں عالمگیر ترین کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور مداحوں سے درخواست کی گئی ہےکہ وہ ترین فیملی کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔