استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال میں عوام کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہنگائی کی بلند ترین سطح پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور شہباز حکومت پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سال کے بعد اس ڈیڑھ برس میں بھی بیڑہ غرق ہوا۔ عوام غیر مطمئن ہے کیونکہ حکومت نے ریلیف کے بجائے ان کی تکلیف میں اضافہ کیا۔
علیم خان نے کہا کہ ادارہ شماریات کے اپنے اعداد وشمار حکومتی کارکردگی کی قلعی کھول رہے ہیں۔ مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر اور عام آدمی کے مسائل خوفناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 42 فیصد بڑھ گئی ہیں اور حکومت اس تمام صورتحال میں بے بس نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، کوکنگ آئل، دالیں تک مہنگی ہوچکیں، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری پریشان ہیں لیکن عام شہری کا کوئی پرسان حال نہیں۔ عید کے بعد بھی مہنگائی جاری ہے، غریب طبقہ پس چکا جب کہ گزشتہ ایک سال میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔
علیم خان نے کہا کہ ملک کو معاشی محاذ پر بڑے بحرانوں کا سامنا تشویشناک ہے اور آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر مسائل میں اضافے کا باعث بنی۔