5اگست کے احتجاج کی تاریخ تبدیل ہوئی تو آپ لوگوں سے بھروسہ اُٹھ جائیگا، علیمہ کے سامنے کارکن کا احتجاج

راولپنڈی: احتجاج کی تاریخ کی تبدیلی پر علیمہ خانم کے سامنے کارکنان سراپا احتجاج ہوگئے، ایک کارکن نہایت جذباتی ہوگیا۔

5اگست کی احتجاج کی تاریخ تبدیل کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کا ایک کارکن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا، کارکن نے علیمہ خانم کے سامنے کہا کہ اگر 5اگست کی تاریخ تبدیل ہوئی تو آپ لوگوں سے بھروسہ اُٹھ جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے اس موقع پر جذباتی کارکن سے سوال کیا کہ آپ مجھ سے کیا چاہتے ہیں؟

کارکن نے کہا کہ ہمیں ڈی چوک میں مار پڑی شیل لگے، لیڈر سارے بھاگ گئے تھے، علیمہ خانم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2 سال سے ہم بھی یہاں روز کھڑے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی نے کہا 10 محرم کے بعد تحریک شروع کردیں، علیمہ خانم

 

دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ کے بعد پارٹی رہنماؤں کے درمیان بھی لفظی گولہ باری ہورہی ہے، سلمان اکرم راجا نے کارروائی کا عندیہ دیدیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف جس میں پہلے ہی اختلافات کی خبریں سر اٹھا رہی ہیں، اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر کو نظر انداز کرنے پر عالیہ حمزہ نے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ کیا تھا۔

اس طنزیہ ٹویٹ نے پارٹی میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے اور پارٹی رہنماؤں نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری شروع کر دی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/aleema-khanum-media-talk-out-side-adiala-jail-3/