راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی آنکھ میں انفیکشن ہے۔
علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریٹنڈنٹ جیل کو انفیکشن کے بارے میں ہمیں بتانا چاہیے تھا تاکہ اپنے ڈاکٹر کا انتظام کرتے کیونکہ ہمیں ان کے ڈاکٹرز پر اعتماد نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر فیصل سلطان کیلیے کورٹ میں درخواست دی ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کہتے ہیں کہ اوپر سے اجازت لینی پڑے گی۔
گزشتہ ماہ احتساب عدالت راولپنڈی کے جج نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا چیک اپ کروانے کی درخواست منظور کی تھی جس کے بعد ہفتے کو سابق وزیر اعظم کی ذاتی معالج ڈاکٹر ثمینہ نیازی اڈیالہ جیل پہنچی تھیں۔
ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ کیا تھا۔ اس موقع پر ان کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شیراز رانجھا بھی اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
ایڈووکیٹ خالد یوسف نے بتایا تھا کہ عدالتی احکامات پر بانی پی ٹی آئی کا آج طبی معائنہ کیا جائے گا۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی تھی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے روسٹرم پر آ کر کہا تھا کہ ہم اس کیس میں تاخیر نہیں چاہتے 8 فروری سے پہلے نیب کو جلدی تھی اب ہم چاہتے ہیں کہ ریفرنس جلد مکمل ہو۔
اس مقو پر جج نے دریافت کیا تھا کہ خان صاحب آپ پہلے یہ بتائیں کہ آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا کہ نہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ ابھی تک دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا۔