راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کے 9 مئی واقعات پر مشروط معافی مانگنے کے اعلان پر علیمہ خان کی وضاحت آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج لائیں اگر پی ٹی آئی کے لوگ تنصیبات جلانے میں ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی نے کہا کہ ان لوگوں کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔
انہوں نے بتایا کہ بانی نے کہا ہے آپ جانتے ہیں ہمارا کوئی رکن ملوث نہیں، معافی آپ مانگیں، آپ نے ہم پر ظلم کیے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے معافی نہیں مانگی، انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج پہلے منظرعام پر لائی جائیں، فوٹیج میں پی ٹی آئی کا کوئی کارکن ملوث ہوا تو پھر دیکھیں گے جب فوٹیج سامنے لائی جائیں گی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی واقعات سے متعلق مشروط معافی مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے ان واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لانے کی شرط عائد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اگر ملزمان کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا تو ناصرف میں خود انہیں پارٹی سے نکالوں گا بلکہ معافی مانگوں گا۔