قاسم، سلیمان کا نائیکوپ جلدی نہیں آرہا تو ویزا لگادیں، علیمہ خانم

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ اگر قاسم، سلیمان کا نائیکوپ جلدی نہیں آرہا تو ویزا لگادیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ بانی کے بچوں نے نائیکوپ کی نئی کاپی اور ویزے کے لیے اپلائی کررکھا ہے اگر نائیکوپ جلدی نہیں آرہا ہے تو ویزا لگادیں۔

علیمہ خانم کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس نائیکوپ ہے لیکن گم ہو گیا ہے، بچوں نے نائیکوپ اور ویزے کے لیے درخواست دی ہے، حیرانی ہے سفارت خانے والے کہہ رہے ہیں کوئی درخواست نہیں دی، بچوں نے جو درخواست دی ہے میرے پاس اسکا ٹریکنگ نمبر ہے۔

ان کا کہنا تھا ایک دوست نے سفیر کو فون کیا تو اس نے کہا وزارت داخلہ سے اجازت لینی ہے، میں نے ان سے کہا اجازت جسے بھی لینی محسن نقوی سے لے لیں، کل خبر آئی وزارت داخلہ نے نہیں ، وزارت خارجہ نے ویزا دینا ہے۔

یہ پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی قاسم اور سلیمان سے فون پر بات کروا دی گئی

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گنڈاپور کے لیے پیغام بھیجا ہے کہ آپریشن نہیں بات چیت سے مسائل حل کریں، پانچ اگست کو ہم اڈیالہ جیل آئیں گے۔

پی ٹی آئی کی تحریک سے متعلق سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا تحریک کیلئے لوگوں نے خود فیصلہ کرنا ہے، ہم اپنے بھائی کی رہائی کی کوشش کررہے ہیں، ہم دو سال سے جیل آرہے ہیں عدالتوں میں ہیں، تحریک بچوں سے منسوب نہیں تحریک رہائی تک چلنی ہے، ہم تحریک کا حصہ ضرور بنیں گے ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔