بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستانی شہری ہیں ، ان کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ ہے، علیمہ خانم

علیمہ خانم

اسلام آباد : تحریک انصاف کے بانی  کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی کے بیٹے پاکستانی شہری ہیں، ان کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ” یہ بچوں سے ڈرے ہوئے ہیں۔”

ایک صحافی کی جانب سے جب احتجاج کی قیادت بانی کے بیٹوں کے حوالے سے سوال کیا گیا تو علیمہ خانم نے کہا، "ان کا باپ ہی کافی ہے، بچوں کو قیادت کی ضرورت نہیں۔”

انہوں نے واضح کیا کہ قاسم اور سلیمان پاکستانی شہری ہیں اور ان کے پاس پاکستان کا قومی شناختی کارڈ (CNIC) موجود ہے۔ اس کے باوجود اگر وہ والد سے ملنے پاکستان نہیں آ رہے تو اس کی وجہ کچھ ایسے عناصر ہیں جو نہیں چاہتے کہ وہ پاکستان آئیں۔

علیمہ خانم نے مزید کہا، "کبھی رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ اگر قانون سے باہر نکلے تو گرفتار کر لیں گے، حکومت کی یہ دھمکیاں ان کے خوف کی علامت ہیں۔”

انہوں نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "اب تک 80 ایف آئی آرز کاٹ چکے ہیں، لیکن ہم ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں۔”