اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم شدت پسند تنظیمیں اور دشمن ایجنسیاں حملہ کرسکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج ریڈ زون کے قریب تین ہفتے سے جاری ہے، بلوچستان شہدا فورم کا احتجاجی کیمپ بھی نیشنل پریس کلب کے سامنے لگا ہوا ہے۔
مراسلے میں کہنا ہے کہ پاکستان ایران کشیدگی کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوچکی ہے، صورتحال کا ریاست مخالف عناصر اور دہشت گرد تنظیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم شدت پسند تنظیمیں اور دشمن ایجنسیاں حملہ کرسکتی ہیں۔۔ بلوچستان شہدا فورم کے جمال رئیسانی کو پہلے ہی دھمکیوں کا سامنا ہے ساتھ ہی سیکیورٹی پر تعینات اہلکار بھی دہشت گردوں اور دشمن ایجنسیوں کا ہدف بن سکتے ہیں۔