آپ بتا دیں علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اُلٹا صحافی سے سوال کر لیا

وزیر داخلہ محسن نقوی سے صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں جس کا وزیر داخلہ نے جواب دینے کے بجائے الٹا سوال کر ڈالا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟ اس سوال کا وزیر داخلہ نے جواب دینے کے بجائے الٹا صحافی سے سوال کیا کہ آپ بتا دیں کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس سے تعلق رکھنے والے 11 اہلکار گرفتار کیے گئے ہیں۔ جس نے بھی کے پی پولیس اہلکاروں کو استعمال کیا یا جس نے بھی احکامات دیے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دو دن سے ایک پارٹی ورکرز اور کچھ تجزیہ نگاروں کی حسرت تھی کہ بس لاش گرے۔ ایسے لوگوں کے ارمان پورے نہ ہو سکے، شکر ہے کوئی لاش نہیں گری۔ کسی کو اسلام آباد آکر یہاں کے حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا سے اسلام آباد ڈی چوک احتجاج کے لیے آنے والے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور گزشتہ شب سے منظر عام سے غائب ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تاہم سرکاری ذرائع نے اس کی تردید کر دی۔

وزیر اعلیٰ سے کوئی بھی رابطہ نہ ہونے پر کے پی اسمبلی نے انہیں لاپتہ قرار دے دیا ہے اور اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج دوپہر طلب کیا ہے جب کہ ان کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست بھی تیار کر لی گئی ہے۔