پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے اپنا حق مانگتا ہوں اگر نہیں ملے گا تو چھین کر لیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل ہم حل کرلیں گے، وفاقی حکومت ڈاٹ لگزاتی رہے جب ختم ہوجائیں گے تو میں شروع کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ذہن میں رکھ لیں ہمیں اپنا حق دینے سے وفاق نہیں روک سکتا۔
علی امین نے کہا کہ ہم حق لے کررہیں گے اپنا حساب برابر کریں گے، پاکستان کے لیے پہلی قربانی دی اپنے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر اترنا ضروری ہے، آئی ایم ایف شرائط کے تحت صوبے نے 92 ارب روپے سرپلس وفاق کو دینے ہیں، کیا پنجاب و سندھ حکومت شرائط پوری کریں گی؟
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک نہ ایک دن پی ٹی آئی سے کیے گئے سلوک پر ندامت ہوگی،حلقے ضرور کھلیں گے، چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس ملے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لوگوں نے قربانیاں دیں، قبائلیوں نے گھر بار چھوڑ دیا، آج بھی وفاق ان کا حق نہیں دے رہا، ہم خاموشی سے برداشت نہیں کریں گے، اگر حق مانگنا غیر ذمہ داری ہے تو میں غیر ذمہ دار ہی سہی، بار بار درخواست نہیں کی جاتی، حق کیلئے آواز اٹھائیں گے۔